قاہرہ،5جون؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مصری وزارت خارجہ کے بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ قطر کی جانب سے انتہا پسند جماعتوں کی حمایت اور عرب دنیا میں انتشار اور فتنہ پیدا کرنے کی کوششوں کے بعد عرب جمہوریہ مصر نے دوحہ سے اپنے تمام سفارتی تعلقات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بیان کے مطابق مصر نے یہ فیصلہ قطر کی مصر مخالف پالیسیوں اور اخوان المسلمون سمیت تمام دہشت گرد تنظیموں کی مسلسل حمایت کے تناظر میں کیا ہے۔ قطر، مصر میں دہشت گردی کے الزامات میں سزا پانے والوں کو اپنے ہاں پناہ دے رہا ہے اور القاعدہ و داعش سمیت دوسری دہشت گرد تنظیموں کو مصری علاقے سینا میں جاری دہشت گرد کارروائیوں کی حمایت کرتا ہے۔
قاہرہ سے جاری بیان میں الزام عاید کیا گیا ہے کہ قطر، مصر اور خطے کے دوسرے ملکوں کے اندرونی معاملات میں مسلسل مداخلت کر رہا ہے جس سے عرب دنیا کی سیکیورٹی کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ دوحہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عرب دنیا کو تقسیم کرنے کی سکیم پر عمل کر رہا ہے جو آگے چل کر عرب اور ملت اسلامیہ کے مفادات کے خلاف ہو جاتا ہے۔
مصر نے قومی سلامتی کے پیش نظر اپنی زمینی، فضائی اور سمندری سرحدیں بھی قطر سے آنے اور جانے والی تمام ٹریفک کے لئے بند کر دی ہیں۔ قاہرہ ہمسایہ اور دوسرے دوست ملکوں، کمپنیوں پر زور دے گا کہ وہ مصر کے فیصلے پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد کے لئے تعاون کرے۔